لکھنؤ،11؍نومبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے آج کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی مرکزی حکومت کی طرح ریاستی حکومت بھی’سب کا ساتھ، سب کا وکاس‘کے اصول پر کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے سال 2022 تک ایک ایسے ہندوستان کی تعمیر کا اراد کیا ہے جو تمام عدم مساوات سے آزاد ہو۔یہ نیا ہندوستان غربت، کرپشن، دہشت گردی اورنسل پرستی سے آزاد ہو جائے گا۔ممکن ہے سال 2022 میں جب ملک آزادی کی 75ویں سالگرہ منا رہا ہوگا، اس وقت تک تمام خاندانوں کو ساری ضروری بنیادی سہولیات فراہم کر دی جائیں گی۔ریاستی حکومت بھی اس مقصد کے حصول کے لئے کام کر رہی ہے۔وزیر اعلی نے کہا کہ ریاستی حکومت نئی صنعتی سرمایہ کاری اور روزگار ترغیبات پالیسی -2017 نافذکر چکی ہے، جس کا مقصد ریاست میں دوستانہ ماحول کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاری پرتوجہ اور تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلنے اور ان کوروزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ریاستی حکومت ریاست کے نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے لئے مصروف عمل ہے۔
یوگی نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو اپنی طرف متوجہ کرنے کے مقصد سے ریاستی حکومت مارچ 2018میں گلوبل انویسٹر میٹ کا انعقاد کرنے جا رہی ہے۔اس ترقی کے تحت چھ لاکھ نوجوانوں کا نام درج کیا گیا ہے۔وزیر اعلی نے کہا کہ ریاستی حکومت ایودھیا سمیت ریاست کے اہم سیاحتی مقامات کی ترقی کر رہی ہے، اس سے روزگار کے نئے مواقع فراہم ہوں گے۔ گزشتہ ماہ ایودھیا میں 133کروڑ روپے کی سیاحت اور دیگر ترقیاتی اسکیموں کی سنگ بنیاد رکھا گیا ہے۔جلد ہی پوروانچل ایکسپریس وے اور بندیل کھنڈ میں ایکسپریس وے کی تعمیر پر کام شروع ہو جائے گا جو سیاحت کو فروغ دینے میں مؤثر ہوں گے۔قانون کے نظام کے تعلق سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں یوگی نے کہا کہ پچھلی حکومتوں نے مجرموں کو تحفظ دیا اور اپنے مقاصد کو پورا کیا جبکہ ریاست کی موجودہ حکومت ریاست کے قانون و نظام کوچست اوردرست بنانے کے لئے پرعزم ہے اور مجرموں کے تئیں حکومت سخت رویہ اپنا رہی ہے۔مجرموں کی جگہ جیل میں ہے، انہیں وہیں بھیجا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت خواتین کے تحفظ کے لئے حساس ہے۔خواتین سے راہ چلتے بے حیائی کرنے والے لوگوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔گھریلو تشدد کوروکنے کی سمت میں بھی قدم اٹھا رہے ہیں اور خواتین ہیلپ لائن کے تحت ’ریسکیو وین‘تعینات کی گئی ہیں۔